اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس میں بتایا گیا کہ آئی ایس پی آر کو فیک نیوز کا مقابلہ کرنے کے لیے 2 ارب روپے درکار ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی صدارت میں ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس نے ملکی اداروں کے خلاف فیک نیوز کی روک تھام کے لیے مزید فنڈز کی منظوری دے دی ہے۔
پیر کے دن وفاقی حکومت کی طرف سے ملک میں فیک نیوز اور غلط معلومات کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لے 2 ارب روپے فنڈز کی منظوری دے دی گئی ہے۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں شرکا کو بتایا گیا کہ پاک فوج کے تعلقات عامہ کا ادارہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) ریاستی اداروں کے خلاف پراپیگنڈا اور فیک نیوز کے خلاف کلیدی کردار ادا کررہا ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ آئی ایس پی آر ڈائریکٹوریٹ کو اپنے نظام میں بہتری اور ٹیکنالوجی کی اپگریڈیشن کی ضرورت ہے اور اس کے لیے فوج کو فوری طور پر 2 ارب روپے اور سالانہ 1.6 ارب روپے فنڈز درکار ہیں۔
اس پر اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 2 ارب روپے کی منظوری دے دی جبکہ سالانہ 1.6 ارب روپے فنڈ کو بجٹ کا حصہ بنایا جائے گا اور اس کی منظوری جون میں پیش کیے جانے والی بجٹ میں لی جائے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ان 2 ارب روپوں میں سے 1.22 بلین روپے ٹیکنالوجی کے نظام کی اپگریڈیشن اور 723 ملین روپے سائبر سیکورٹی کے لیے مختص ہوں گے۔
یاد رہے کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے متعدد بار ملک میں ریاستی اداروں کے خلاف بڑھتے ہوئے پراپیگنڈے اور فیک نیوز کی روک تھام کی اہمیت اور اس میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے پر زور دیا ہے۔