اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) صدر مملکت آصف زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے قائد اعظم محمد علی جناح کے 148 ویں یوم ِپیدائش اور کرسمس 2024 کے موقع پر اپنے علیحدہ علیحدہ پیغام جاری کردیے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ قائداعظم کے وژن، عزم اور استقلال کے بدولت ہی برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد وطن کا قیام ممکن ہو سکا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری تاریخ کے ایک نازک ترین دور میں قائدِاعظم کی قیادت ان کی غیر معمولی صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔ قائدِ اعظم نے ایک وکیل، مدبر اور آل انڈیا مسلم لیگ کے رہنما کے طور پر مسلمانوں کے حقوق کی بھرپور وکالت کی۔ انہوں نے پاکستان کا مقدمہ نہایت وضاحت اور ایقان کے ساتھ پیش کیا۔ انہوں نے ایک ایسے علیحدہ وطن کی ضرورت پر زور دیا جہاں مسلمان آزادی سے اپنے مذہب پر عمل پیرا ہو سکیں اور اپنی ثقافت اور سیاسی و معاشی حقوق کا تحفظ کر سکیں۔
صدرر مملکت نے کہا کہ 11 اگست 1947 ء کو پاکستان کی دستور ساز اسمبلی سے ان کا تاریخی خطاب آج بھی ہمارے لیے مشعل ِراہ ہے۔ اپنی اس تقریر میں انہوں نے ایک ایسے پاکستان کا تصور پیش کیا جہاں قانون کی حکمرانی ہو گی ، اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا اور ہر شہری ، بلاتفریقِ مذہب، ذات اور نسل، ریاست کے سامنے برابر ہو گا۔ ہمہ گیریت، انصاف اور رواداری کے یہ اصول نہ صرف قائد کے فلسفے کی بنیاد ہیں بلکہ وہ اصول ہیں جن پر عمل پیرا ہونے کیلئے ہمیں انتھک کوشش کرنی چاہیے
آصف علی زرداری نے کرسمس کے موقع پر پاکستان اور دنیا بھر کی مسیحی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کرسمس انسانیت کے لیے ایک آفاقی پیغام لاتی ہے اور تمام مذاہب کے ماننے والوں کو محبت، سخاوت، رحم، اتحاد اور امید کی ترغیب دلاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین تمام شہریوں کو ان کے مذہب سے قطع نظربنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے اور انہیں عبادت کرنے اور اپنے عقائد کے مطابق زندگی گزارنے کی آزادی دیتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قائداعظم کے 148 ویں یوم پیدائش پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ قائد اعظم نے وہ کر دکھایا، جسے بہت سے لوگ ناممکن سمجھتے تھے، بابائے قوم کی انتھک محنت کی بدولت وطن پاکستان معارض وجود میں آیا۔
ان کا کہنا تھا کہ قائداعظم نادر صلاحیتوں کے رہنما تھے، قائد اعظم اتحاد، انصاف اور مساوات پر گہرا یقین رکھتے تھے، قائداعظم کی میراث سے سبق حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج قائد اعظم کے اقدار سے اپنی وابستگی کا اعادہ کرنے کا دن ہے، قوم کی ترقی، خوشحالی اور اتحاد کے لیے انتھک محنت کرنا ہے۔
اس کے علاوہ وزیراعظم نے کرسمس 2024 کے موقع پر مسیحی بہنوں اور بھائیوں کو دلی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ حکومت تمام مذہبی برادریوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔