سعودی عرب نے کھجور سے تیار کردہ ایک منفرد مشروب “میلاف کولا” لانچ کیا ہے۔ یہ دنیا کا پہلا سافٹ ڈرنک ہے جو کھجوروں پر مبنی ہے۔ میلاف کولا کو سعودی عرب کے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی کمپنی “تورتھ المدینہ” نے بنایا ہے، اور اسے ریاض ڈیٹ فیسٹیول میں لانچ کیا گیا۔ جہاں سعودی عرب کے وزیر زراعت عبدالرحمن آل-فادلی اور “تورتھ المدینہ” کے سی ای او بندر القحطانی نے اس کا افتتاح کیا۔
یہ مشروب مقامی کھجوروں سے تیار کیا گیا ہے، جو غذائیت سے بھرپور ہیں۔ اس میں فائبر، میگنیشیم، پوٹاشیم، اور اینٹی آکسیڈنٹس شامل ہیں، جو صحت کے لیے فائدہ مند ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ اس مشروب میں کوئی اضافی چینی شامل نہیں کی گئی، جس کی وجہ سے یہ دیگر مشروبات کے مقابلے میں زیادہ صحت بخش ہے۔ اس کے علاوہ میلاف کولا ذائقے پر سمجھوتہ کیے بغیر ایک صحت مند متبادل کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔
ماحول دوست اور مقامی اجزاء سے بنایا گیا یہ سوفٹ ڈرنک فوڈ سیفٹی کے بین الاقوامی معیارات پر پورا اترتا ہے۔ یہ سعودی عرب کے 2030 کے وژن کے تحت مقامی مصنوعات اور پائیدار پیداوار کی حمایت کرتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاض ڈیٹ فیسٹیول میں لوگ “میلاف کولا” کا ذائقہ آزمانے کے لیے بہت پرجوش تھے۔ شرکاء نے اس کے منفرد اور تازہ ذائقے کی تعریف کی اور اسے روایتی سوڈاس سے مختلف قرار دیا۔ ایک شخص نے اس مشروب کے ذائقے کو “دھوپ پینے کے مترادف” کہا، جو خوشبو اور خوشی کے احساس سے بھرپور ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کا کہنا ہے کہ میلاف کولا صحت اور ذائقے کا بہترین امتزاج ہے۔ کمپنی “تورتھ المدینہ” نے اس مشروب کو عالمی مارکیٹ میں متعارف کرانے اور کھجور کے استعمال کو ایک جدید شکل دینے کے منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔
کمپنی کے ترجمان نے بتایا کہ میلاف کولا صرف شروعات ہے، اور کئی نئی مصنوعات پر کام کیا جا رہا ہے جو کھجور کے عالمی استعمال میں انقلاب لائیں گی۔
اب سوال یہ ہے کہ کیا میلاف کولا پیپسی اور کوکا کولا جیسی امریکی مصنوعات کی جگہ لے پائے؟ گی جن کا استعمال دنیا بھر میں بڑے پیمانے پر کیا جاتا ہے۔