اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے سرچ اینڈ ریسکیو زون میں بھارتی مال بردار جہاز کے ڈوبنے کے بعد عملے کے 12 ارکان کو ریسکیو کرلیا۔
ذرائع کی رپورٹ کے مطابق بھارتی جہاز کے لیے میری ٹائم ریسکیو آپریشن کو کامیابی کے ساتھ انجام دیا گیا جس میں میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے شپس، بوٹس اور ایئر کرافٹ نے حصہ لیا۔
رپورٹ کے مطابق میری ٹائم ریسکیو کوآرڈینیشن سینٹر پاکستان کو ایم آر سی سی ممبئی انڈیا کی جانب سے فوری نوعیت کی ای میل موصول ہوئی جس میں ڈوبنے والے بحری جہاز سے بچ جانے والوں کو تلاش کے لیے مدد کی درخواست کی گئی۔
اس پر بروقت ردعمل اور موثر رابطہ کاری کے نتیجے میں بھارتی مال بردار جہاز کے عملے کے تمام 12افراد کو بچالیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق یہ آپریشن کسی بھی قومیت کے بغیر، سمندری ہنگامی صورتحال کا جواب دینے کے لیے پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی تیاری اور پیشہ ورانہ مہارت کی نشاندہی کرتا ہے۔