دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور آج پھر پہلے نمبر پر ہے، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 1520 سے شروع ہو کر 732 تک ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ فضا گرد آلود ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
طبی ذرائع کے مطابق اسموگ اور فضائی آلودگی کی وجہ سے سانس، دل کے امراض میں مبتلا اور کمزوراعصاب کے حامل افراد شدید متاثر ہو رہے ہیں ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری ہرممکن حد تک گھروں میں رہیں اور کھڑکیاں دروازے بند رکھیں ۔ انتہائی ضرورت کے وقت گھروں سے باہر نکلنے کی صورت میں عینک اور ماسک کا استعمال کریں ۔
پنجاب میں اسموگ کے باعث اکتوبر میں 19 لاکھ سے زائد افراد اسپتال پہنچ گئے۔
محکمۂ صحت پنجاب کی رپورٹ کے مطابق اسموگ کے باعث شہری سانس، دمے، دل کے امراض اور فالج میں مبتلا ہو رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اکتوبر میں 19 لاکھ 34 ہزار 30 افراد سانس کی بیماریوں میں مبتلا ہوئے۔
دمے سے 1 لاکھ 19 ہزار 533 اور دل کے امراض کے 13 ہزار 773 مریض سامنے آئے۔
محکمۂ صحت پنجاب کی رپورٹ کے مطابق اکتوبر میں فالج کے پنجاب بھر میں 5 ہزار 184 مریض رپورٹ ہوئے۔