اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق پاکستان کی ابھرتی ہوئی اسکواش اسٹار مہوش علی نے ہنگری جونیئر اوپن 2024 میں اپنا 25 واں گولڈ میڈل جیت لیا۔ انڈر 17 کیٹیگری میں حصہ لیتے ہوئے، مہوش نے بوداپیسٹ میں منعقدہ اس ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور بغیر کسی مشکل کے چیمپئن بن گئیں۔
فائنل میں مہوش نے ہنگری کی ٹاپ سیڈ کھلاڑی تمارا پیسکریسکو کو 11-5، 11-2، 11-2 سے آسانی سے شکست دی۔ اس سے پہلے مہوش نے ٹورنامنٹ میں ہنگری کی دوسری سیڈ بریگیٹا کوواکس کو بھی ہرایا تھا۔
یہ فتح مہوش کا مسلسل دوسرا جونیئر ٹائٹل ہے۔ اس سے پہلے انہوں نے سویڈن میں نورڈک جونیئر اوپن میں کامیابی حاصل کی تھی، جس نے انہیں عالمی اسکواش سرکٹ میں نوجوان ٹیلنٹس میں سے ایک کے طور پر مضبوط مقام دیا۔
انڈر 13 کیٹیگری میں ماہنور علی نے ہنگری کی ٹاپ سیڈ کرسٹینا کن کو 11-1، 11-1، 11-0 سے شکست دے کر اپنا 17 واں گولڈ میڈل جیتا، جبکہ سحرش علی نے انڈر 15 کیٹیگری میں ڈیبیو کیا اور فرانس کی کاسی لنکو کے خلاف سخت مقابلے کے بعد سلور میڈل جیتا۔
بلقیس اینڈ عبدلرزاق داؤد فاؤنڈیشن کے بانی عبدالرزاق داؤد نے علی سسٹرز کی تعریف کرتے ہوئے کہا، “ہمیں مہوش، ماہنور اور سحرش کی بین الاقوامی سطح پر اس شاندار کامیابی پر بہت خوشی ہے۔”