اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق منگل کو جنوبی امریکہ کے ورلڈ کپ کوالیفائر میں برازیل نے پیرو کو 4-0 سے شکست دی، رافینہا نے ہر ہاف میں ایک ایک پنالٹی کو کامیابی سے گول میں تبدیل کیا اور برازیل کی اس فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
برازیل کو پہلی پنالٹی 38ویں منٹ میں ملی جب پیرو کے ڈیفنڈر کارلوس زیمبرانو نے ہینڈ بال کیا، اور رافینہا نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ دوسری پنالٹی 54ویں منٹ میں ملی جب زامبرانو نے برازیل کے کھلاڑی ساونہو کو فاول کیا۔ اس بار بھی رافینہا نے پنالٹی اسپاٹ سے گول کر کے برازیل کی برتری بڑھا دی۔
متبادل کھلاڑی اینڈریاس پریرا نے 72 ویں منٹ میں ایکروبیٹک والی کے ذریعے تیسرا گول کیا، جو لوئیز ہنریک کے شاندار کراس پر کیا گیا۔ دو منٹ بعد لوئیز ہنریک نے خود بھی باکس کے کنارے سے ایک شاندار اسٹرائیک سے چوتھا گول کیا اور برازیل کی فتح کو یقینی بنایا۔
برازیل نے چلی کے خلاف گزشتہ ہفتے 2-1 کی فتح کے بعد اس میچ میں بھی شاندار کارکردگی دکھائی۔
اس فتح کے بعد، برازیل 16 پوائنٹس کے ساتھ کوالیفائنگ اسٹینڈنگ میں چوتھے نمبر پر ہے، برازیل نے اس جیت سے پہلے پانچ میں سے چار کوالیفائر میچز ہارے تھے، لیکن اب وہ مضبوطی سے واپس آیا ہے۔