ایس سی او کانفرنس: چینی وزیراعظم لی چیانگ پاکستان پہنچ گئے،وزیراعظم نے استقبال کیا
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) چین کے وزیراعظم لی چیانگ 4 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، یہ کسی بھی چینی وزیراعظم کا 11 سال بعد پاکستان کا پہلا دورہ ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزرا کے ہمراہ چینی ہم منصب کا نورخان ایئر بیس پر استقبال کیا۔
چینی وزیراعظم لی چیانگ وفد کے ہمراہ ایئرچائنا کے طیارے میں نور خان ایئر بیس پر اترے، جہاں ان کا بھرپور استقبال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ، نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال ودیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔
نور خان ایئربیس پر دو بچوں نے چینی وزیراعظم کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے، پاکستان آمد پر چینی وزیراعظم کو 21 توپوں کی سلامی پیش کی گئی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے چینی وزیراعظم کی آمد پر سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ وزیراعظم لی چیانگ کا اسلام آباد میں استقبال کرکے بے حد خوشی ہوئی، اپنے بھائی لی چیانگ کے تاریخی دورے کی تعمیری نتائج کا یقین ہے۔
Delighted to welcome H.E. Mr. Li Qiang,Premier of the State Council of People’s Republic of China, to Islamabad! Looking forward to a historic & productive visit by my brother that will further strengthen and deepen our friendship. We will review progress on existing initiatives,… pic.twitter.com/omp4pK3Vgd
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) October 14, 2024
انہوں نے کہا کہ چینی وزیراعظم کا یہ دورہ دونوں ممالک کی دوستی کو مزید مستحکم کرے گا، دونوں ملکوں کی آزمودہ شراکت داری، علاقائی استحکام، خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ چینی وزیراعظم کے دورہ پاکستان میں دونوں ملکوں کے درمیان جاری منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیں گے، سی پیک پر پیشرفت کے ساتھ باہمی تعاون کے نئے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔