فلسطین کی حمایت پر پی سی بی کا اعظم خان کو جرمانہ
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کرکٹر اعظم خان پرقومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے دوران اپنے بلے پر فلسطینی پرچم والا اسٹیکر چسپاں کرنے پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اعظم خان کو حکام کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ اگر وہ فلیگ اسٹیکر کا استعمال جاری رکھتے ہیں تو ان پرمعطلی کا خطرہ ہے۔ مبینہ طور پر، مڈل آرڈر بلے باز نے غیر منظور شدہ لوگو دکھا کر اور سیاسی پیغام رسانی میں مشغول ہو کر لباس اور آلات کے ضوابط کی خلاف ورزی کی ہے۔
قومی بلے باز کی جانب سے اس عمل کا مقصد فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی ہےلیکن دوسری جانب اس عمل نے بورڈ کی پالیسیوں پر بحث کو ہوا دی ہے .اس سے قبل بھی ورلڈ کپ 2023 کے دوران محمد رضوان نے سری لنکا کے خلاف جیت غزہ کے متاثرین کے نام کی تھی جس پر بحث چھڑ گئی تھی۔
سابق کرکٹر راشد لطیف کا دعویٰ ہے کہ رضوان کو حکام کی جانب سے ٹویٹ ڈیلیٹ کرنے کے لیے دباؤ کا سامنا کرنا پڑا جس سے انہوں نے انکار کر دیا جس کے نتیجے میں میڈیا منیجر احسن افتخار ناگی کو برطرف کر دیا گیا، جن کی جگہ عمر کالسن کو تعینات کیا گیا تھا۔ ناگی کی روانگی کے بعد آنے والے میڈیا مینیجر کالسن، کولمبو کے سرکاری دورے کے دوران ایک کیسینو جانے پر پہلے ہی زیر تفتیش تھے۔
دوسری جانب پی سی بی کے اس فیصلے خلاف کے سوشل میڈیا پر بھی عوام کا شدید ردعمل آیا ہے جس میں عوام نے پی سی بی کے اس عمل پر سخت تنقید کی ہے،سوشل میڈیا پر شیم آن پی سی بی ٹاپ ٹرینڈ بن گیا.