یوم دفاع پر بحری جہاز ’پی این ایس بابر‘ اور ’پی این ایس حنین‘ پاک بحریہ میں باضابطہ طور پر شامل
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ترکیہ اور رومانیہ کے تعاون سے تیار جنگی بحری جہاز ’پی این ایس بابر‘ اور ’پی این ایس حنین‘ پاک بحریہ میں باضابطہ طور پر شامل کرلیے گئے۔
ذرائع کے مطابق کراچی میں پروقار تقریب میں دونوں بحری جہازوں کی شمولیت کا باقاعدہ اعلان کیا گیا۔
پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے عزم ظاہر کیا کہ جہازوں کی شمولیت سے خطے میں بڑھتے خطرات سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔
تقریب کے مہمان خصوصی صدر مملکت آصف علی زرداری تھے .صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملکی سمندری حدود کے دفاع کے لیے مضبوط بحریہ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے جیو اکنامک مفادات کے تحفظ کیلئے پاک بحریہ کو مضبوط بنانا ہوگا۔
ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو کراچی میں پی این ایس بابر اور حنین کی پاک بحریہ کے بیڑے میں شمولیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
صدر مملکت نے پی این ایس بابر اور حنین کی پاکستان نیوی کے بیڑے میں شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں جہاز پاک بحریہ کی بڑھتی آپریشنل ذمہ داریاں پورا کرنے میں مدد دیں گے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پی این ایس بابر اور حنین کی بحری بیڑے میں شمولیت ملکی بحری دفاعی صلاحیتیں مضبوط بنانے کی جانب اہم کامیابی ہے، جہاز روایتی اور غیر روایتی خطرات کا مقابلہ کرنے میں بحریہ کی آپریشنل تیاریوں میں اضافہ کریں گے۔
تقریب میں ترکیہ کے ڈپٹی منسٹر آف نیشنل ڈیفنس بلال بردالی، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف، کنسٹرکشن یارڈز کے اعلیٰ نمائندوں، مسلح افواج کے اعلیٰ حکام اور سیاسی قیادت نے شرکت کی۔ پی این ایس بابر ایک کثیر المقاصد جہاز ہے جو 23 ستمبر 2023 کو استنبول نیول شپ یارڈ میں بنایا اور شروع کیا گیا۔ پی این ایس حنین ایک آف شور گشت کرنے والا جہاز ہے جو 25 جولائی 2024 کو رومانیہ کے ڈیمین شپ یارڈ میں بنایا اور کمیشن کیا گیا۔