تحریک انصاف نے آج اسلام آباد میں ہونے والا جلسہ ملتوی کردیا
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے آج ترنول میں شیڈول جلسہ ملتوی کردیا۔ پی ٹی آئی کی طرف سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اطلاعات ہیں کہ حکومت اس جلسے کی آڑ میں انتشار پھیلانے کی سازش کر رہی ہے، اس لیے پارٹی کے بانی عمران خان کی جیل سے جاری ہدایات کے تحت آج کے جلسے کی تاریخ تبدیل کی جا رہی ہے، تاہم عمران خان کی جانب سے تمام کارکنان کو ہدایت کی گئی ہے کہ جلسے کی تیاری جاری رکھیں، عوام میں نکلیں اور تحریک چلائیں.
پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اعظم سواتی نے چیئرمین بیرسٹر گوہر کی موجودگی میں جلسہ ملتوی کرنےکا اعلان کیا۔
اعظم سواتی نے بتایا کہ عمران خان کی ہدایت پر آج ملتوی ہونے والا جلسہ اب 8 ستمبر کو ہوگا۔
بتایا گیا ہے کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، پی ٹی آئی رہنماء اعظم سواتی اور چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے پارٹی کے بانی چیئرمین عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ہنگامی ملاقات کی جس میں آج کا جلسہ ملتوی کرنے کا فیصلہ ہوا، اس ملاقات کے بعد عمر ایوب، اعظم سواتی اور بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ عمران خان کی ہدایت پراسلام آباد جلسے کی تاریخ تبدیل کی جا رہی ہے، جلسے کی نئی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا، جلسہ 8 یا 9 ستمبر کو اسلام آباد میں ہوسکتا ہے۔
تاہم پی ٹی آئی کے ممکنہ جلسے کے پیش نظر انتظامیہ اورپولیس کی جانب سے مین جی ٹی روڈ پرکنٹینرز بھی رکھ دیےگئے تھے، سڑک کے دونوں اطراف کنٹینرز رکھنے سے عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ممکنہ جلسے کے پیش نظر جلسہ گاہ کو بھی کھود دیا گیا تھا۔
اس کے علاوہ راولپنڈی میں راستوں کی بندش کے ساتھ ساتھ جڑواں شہروں کے لیے میٹرو بس سروس بھی معطل کردی گئی تھی، میٹرو بس سروس آج مکمل طور پر بند رہے گی ۔
علاوہ ازیں ضلعی انتظامیہ نے اسلام آباد میں تمام نجی اور پرائیوٹ سکولوں میں 22 اگست کو تعطیل کا اعلان کردیا تھا، ڈی سی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کی حدود میں تعلیمی اداروں میں عام تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری ہوگیا ہے۔