دنیا کی معمر ترین انسان 117 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا کی معمر ترین انسان ماریہ برانیاس موریرا منگل کو 117 برس کی عمر میں اسپین میں انتقال کر گئیں۔
خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق ماریہ کے خاندان نے ’ایکس‘ پر ان کے اکاؤنٹ پر لکھا کہ ’ماریہ برینیاس ہمیں چھوڑ گئیں، وہ اپنی خواہش کے مطابق نیند کے دوران پرامن طریقے سے جل بسیں، ہم ان کو ان کی محبت اور مشوروں کے لیے ہمیشہ یاد رکھیں گے۔‘
ماریہ برانیاس، جو شمال مشرقی اسپین کے قصبے اولوٹ کے سانتا ماریہ ڈیل تورا نرسنگ ہوم میں پچھلی دو دہائیوں سے مقیم تھیں، نے منگل کو ایک پوسٹ میں خبردار کیا تھا کہ وہ ’کمزور‘ محسوس کر رہی ہیں۔
انہوں نے اپنے خاندان کے ذریعے چلائے جانے والے اکاؤنٹ پر کہا تھا کہ ’وقت قریب ہے، رونا مت کیونکہ مجھے آنسو پسند نہیں، اور سب سے بڑھ کر میرے لیے پریشان نہیں ہونا، میں جہاں بھی جاؤں گی خوش رہوں گی۔‘
ماریہ برانیاس موریرا امریکا میں پیدا ہوئی تھیں اور انہوں نے اپنی زندگی میں دونوں عالمی جنگیں دیکھیں۔
جنوری 2023 میں گنیز ورلڈ ریکارڈز نے فرانس کے لیوسل رینڈم کے 118 سال کی عمر میں انتقال کے بعد ماریہ برانیاس کو باضابطہ طور پر دنیا کا معمر ترین انسان تسلیم کر لیا تھا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق ماریہ کی عمر 117 سال اور 168 دن تھی، وہ مجموعی طور پر انسانی تاریخ کی آٹھویں معمر ترین انسان تھیں۔
ماریہ برانیاس کی موت کے بعد جاپان کے ٹومیکو ایٹوکا دنیا کے معمر ترین انسان بن گئے ہیں۔
ٹومیکو ایٹوکا 23 مئی 1908 کو پیدا ہوئے تھے اور اس وقت ان کی عمر 116 سال ہے۔