امریکہ کا بنگلہ دیش میں عبوری حکومت کے قیام کا خیر مقدم
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا نے بنگلہ دیش میں سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے مستعفی ہونے کے بعد عبوری حکومت کے قیام کا خیر مقدم کرتے ہوئے تمام فریقوں سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم تمام فریقوں سے مزید تشدد سے باز رہنے کی اپیل کرتے ہیں، گزشتہ کئی ہفتوں کے دوران بہت جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم عبوری حکومت کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ اقتدار کی کسی بھی قسم کی منتقلی بنگلہ دیش کے قوانین کے مطابق ہو۔
اس سوال کے جواب میں کہ کیا فوج کو ملک کی اگلی قیادت کا انتخاب کرنا چاہیے تو ملر نے جواب دیا کہ “ہم چاہتے ہیں بنگلہ دیش کے عوام ملک کے مستقبل کی حکومت کا فیصلہ کریں۔”
بنگلا دیشی آرمی چیف نے ملک میں عبوری حکومت قائم کرنے کا اعلان کردیا
اس سے قبل بنگلہ دیشں میں وزیر اعظم شیخ حسینہ کے استعفے کا مطالبہ کرنے والے ہزاروں مظاہرین کی اتوار کو حکومت کے حامی ہجوم کے ساتھ جھڑپیں ہوئیں جن میں 100 کے قریب افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو گئے۔ جبکہ احتجاج کے دوران کل ہلاکتوں کی تعداد 300 تک پہنچ گئی۔