سعودی عرب: موت کے بعد اعضا عطیہ کرنے والوں کی تعداد 5لاکھ 33 ہزار تک پہنچ گئی
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی سینٹر فار آرگن ٹرانسپلانٹیشن نے انکشاف کیا ہے کہ سعودی عرب میں مرنے کے بعد اپنے اعضا عطیہ کرنے کے خواہش مند افراد کی تعداد لگ بھگ 5 لاکھ 33 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔
العربیہ اردو کے مطابق موت کے بعد اعضا عطیہ کرنے کے خواہش مند افراد کی تعداد کے لحاظ سے سعودی دارالحکومت ریاض سرفہرست ہے جہاں تقریباً ایک لاکھ 42 ہزار عطیہ دہندگان ہیں اور مکہ مکرمہ ایک لاکھ 15 ہزار عطیہ دہندگان کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
عطیہ دہندگان کے لحاظ سے سعودی عرب میں مشرقی صوبہ تیسرے نمبر پر ہے.جہاں موت کے بعد عطیہ دینے کے خواہشمندوں کی تعداد ایک اندازے کے مطابق 65 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔
سعودی شہر نجران خواہش مندوں کی تعداد میں سب سے کم ہے۔ یہاں پر 1500 عطیہ دہندگان ہیں۔
اس سے قبل سعودی سینٹر فار آرگن ٹرانسپلانٹیشن کے سربراہ ڈاکٹر طلال القوفی نے کہا کہ سعودی عرب میں انسانی اعضا کی پیوند کاری کے منصوبے کے آغاز سے لے کر گزشتہ سال کے آخر تک موت کے بعد ان عطیہ دہندگان کے اعضا کی پیوند کاری کرانے والوں کی کل تعداد 6,000 سے زائد ہو چکی ہے۔