’فلسطین میں امن کا یہ بہترین وقت‘،چیئرمین سینیٹ کا امریکی سفیر سےغزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ ،چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا پارلیمنٹ ہاؤس میں خیرمقدم کیا.
سینیٹ ذرائع کے مطابق امریکی سفیر کے دورے کا مقصد دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانا اور باہمی مفادات کو فروغ دینا ہے۔
پاکستانی سینیٹ کے بیان کے مطابق ملاقات کے دوران فریقین نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان پائیدار دوستی کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
امریکی سفیر بلوم نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے پر مبارک باد دی اور کامیاب مدت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جبکہ چیئرمین سینیٹ نے امریکہ کے ساتھ دیرینہ دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
چیئرمین سینیٹ گیلانی نے دونوں ممالک کے درمیان اہم اقتصادی شراکت داری کو تسلیم کرتے ہوئے امریکہ کو پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار قرار دیا۔
انہوں نے مختلف شعبوں میں تعاون پر امریکی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور باہمی فائدے کے لیے تجارتی روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ چیئرمین سینیٹ نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی حجم بڑھانے کے لئے تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
ایوان بالا سینیٹ کے ایکس اکاؤنٹ پر جاری بیان کے مطابق سید یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کے دوران امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے پاکستان کی نئی اقتصادی ٹیم کی تعریف کی اور پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان جاری مذاکرات کے بارے میں امید کا اظہار کیا۔
بیان کے مطابق امریکی سفیر نے چیئرمین سینیٹ کے اس بیان سے اتفاق کیا کہ ’فلسطین میں امن کا یہ بہترین وقت ہے۔‘ یوسف رضا گیلانی نے غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ بھی کیا۔
بیان کے مطابق پاکستان کے مثبت معاشی اشاریوں کا اعتراف کرتے ہوئے سفیر ڈونلڈ بلوم نے افراط زر میں کمی اور ڈالر کے بلند ذخائر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کے مثبت فیڈ بیک سے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی ہو گی۔
بیان میں مزید بتایا گیا کہ امریکی سفیر بلوم نے پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں کا اعتراف کیا اور ملک پر دہشت گردی کے نمایاں اثرات کو تسلیم کرتے ہوئے اس جنگ میں امریکی حمایت کا اعادہ کیا۔