اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ڈیسک) تفصیلات کے مطابق برازیل اور سپین کے درمیان سینٹیاگو برنابیو اسٹیڈیم میں دوستانہ میچ کھیلا گیا۔ اسپین نے اچھی شروعات کی اور دو گول کیے جن میں سے ایک روڈری کی پنالٹی سے اور دوسرا ڈینی اولمو، کی اسٹرائیک سے کیا ۔
برازیل ہاف ٹائم سے پہلے گول کرنے میں کامیاب رہا، روڈریگو نے اسپین کے گول کیپر یونائی سائمن کی غلطی کا فائدہ اٹھایا۔
دوسرے ہاف میں برازیل کے ٹین ایجر اینڈرک نے کارنر سے گول کر کے کھیل کو برابر کر دیا۔ تاہم اسپین نے 86ویں منٹ میں روڈری کی جانب سے ایک اور پنالٹی پر گول کرکے دوبارہ برتری حاصل کرلی۔
برازیل نے ہمت نہیں ہاری ، جب گیلینو کو باکس کے اندر فاول کیا گیا تب اضافی وقت میں برازیل ٹیم دیر سے پنالٹی اسکور کرنے میں کامیاب رہی ۔ لوکاس پیکیٹا، نے پنالٹی پر گول کرکے گیم 3-3 سے برابر کردیا۔