پاکستان، آئی ایم ایف کامیاب مذاکرات، اسٹاک ایکسچینج انڈکس میں 400 پوائنٹس کا اضافہ
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان سٹاف لیول معاہدہ طے پانے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 400 پوائنٹس سے زیادہ کا اضافہ ہوگیا ہے۔
بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں کاروبار کا مثبت آغاز ہوا، جو 400 پوائنٹس یا 0.61 فیصد سے بڑھ کر 65 ہزار 902 پر پہنچ گیا، گزشتہ روز انڈیکس 65 ہزار 502 پر بند ہوا تھا۔
ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے چیف ایگزیکٹیو محمد سہیل نے اس مثبت رفتار کو انشورنس سیکٹر کی جانب سے کل کی گئی زبردست خریداری کو قرار دیا، انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ معاہدے سے مثبت رجحان کو فروغ دینے میں مدد ملی۔
چیس سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ یوسف ایم فاروق نے مشاہدہ کیا کہ مثبت رفتار توقعات کے مطابق تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ نئے وزیر خزانہ کی تقرری اور تمام اہداف کی تکمیل کے بعد مارکیٹ سے تعلق رکھنے والے افراد آئی ایم ایف کے ساتھ ہموار جائزے کی توقع کر رہے تھے۔