وزیر اعظم شہباز شریف کا دورہ گوادر، سیلاب متاثرین کیلئے امداد کا اعلان کر دیا
اردو انٹرنیشنل ( مانیٹرنگ ڈیسک) تفصیلات کے مطابق وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیرِ اعظم شہباز شریف پہلے دورے پر بلوچستان کے علاقے گوادر پہنچ گئے، جہاں پر انہوں نے سیلاب متاثرین سے ملاقات کی اور صورتحال دریافت کی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے گوادر کے اپنے پہلے دورے کے دوران بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا اور متاثرین کیلئے مالی امداد کا اعلان کیا.
گوادر میں متاثرین اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ مکمل تباہ مکان والے ہر خاندان کو ساڑے ساتھ لاکھ روپے ملیں گے۔
انھوں نے یہ اعلان بھی کیا کہ جن کے گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ان کو ساڑھے 3 لاکھ روپے، جبکہ بارشوں کے باعث جاں بحق افراد کے لواحقین کو 20 ،20 لاکھ روپےاور زخمیوں کو 5 لاکھ روپے ملیں گے۔
اس موقع پر شہبازشریف نے سیلاب متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 26 فروری سے شروع ہونے والی بارش نے تباہی مچادی ہے، میں یہاں فوٹو سیشن کے لیے نہیں آیا ، آپ کے گھرڈوب رہے ہیں، میں اسلام آباد میں کیسے بیٹھ سکتا ہوں، اس لئے پہلی فرصت میں گوادرحاضر ہوا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان میں بارش کے نتیجے میں تقریبا 44 لوگ اللہ کو پیارے ہوگئے ہیں، کل سے 7000 بیگ خوراک کے بلوچستان میں آئیں گے۔
نومنتخب وزیراعظم نے سیلاب متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کرتے ہوئے متاثرین کی مدد اور بحالی کےلیے جامع پلان مرتب کرکے پیش کرنے کا حکم بھی دے دیا۔