ویلنگٹن میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے 172 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم میچ کے چوتھے دن لنچ سے قبل 196 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ اور 369 رنز کے ہدف کا تعاقب کر نے میں ناکام رہی ۔
آسٹریلوی اسپنر نیتھن لیون نے نیوزی لینڈ کی دوسری اننگز میں 65 رنز کے عوض چھ وکٹیں حاصل کیں۔ اس نے دن کے اوائل میں تین اہم وکٹیں حاصل کیں،یہ لیون کا کسی ٹیسٹ میچ میں پانچ یا اس سے زیادہ وکٹیں لینے کا 24واں موقع تھا۔
ڈیرل مچل اور اسکاٹ کوگیلیجن نے 36 رنز کی شراکت کے ساتھ مزاحمت کی کوشش کی لیکن سکاٹ کگیلیجن26 رنز بنا کر کیمرون گرین کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے ۔ کیمرون گرین نے آسٹریلیا کی پہلی اننگز میں 174 رنز بنا کر ان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا ۔
ڈیرل مچل نے گرین کی گیند ہیلمٹ پر لگنے کے باوجود بیٹنگ جاری رکھی۔ مچل 38 بنا کر آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی تھے ۔ جبکہ کپتان ٹم ساؤتھی لیون کا چھٹا شکار تھے۔
آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے میچ میں شاندار پرفارمنس پر نیتھن لیون اور کیمرون گرین کو سراہا ۔ کمنز نے کہا کہ کیمرون گرین کی شراکت اہم تھی اور اس نے کھیل میں اہم کردار ادا کیا ۔ اس نے لیون کی اسپننگ کنڈیشنز سے فائدہ اٹھانے کی صلاحیت کو بھی اجاگر کیا، جس نے مخالف ٹیم پر دباؤ ڈالا۔
نیوزی لینڈ کے فاسٹ باؤلر ولیم اوورک انجری کے باعث کھیل کے تیسرے دن میدان چھوڑ کر چلے گئے تھے جس وجہ سے دوسرے ٹیسٹ میں ان کی دستیابی مشکوک ہے ۔اس لیے نیوزی لینڈ کے کپتان، ٹم ساؤتھی نے تجربہ کار تیز گیند باز نیل ویگنر کی واپسی کے امکان کا ذکر کیا ہے۔ واگنر نے گزشتہ ہفتے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی، لیکن ان کی واپسی متوقع ہے۔سیریز کا دوسرا میچ جمعہ کو کرائسٹ چرچ میں شروع ہوگا۔