اردو انٹرنیشنل ( مانیٹرنگ ڈیسک ) تفصیلات کے مطابق
روس سے تعلق رکھنے والے خلاباز اولیگ کونونینکو نے اب تک خلا میں 878 دن سے زیادہ کا وقت گزار کر ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے اس سے پہلے یہ ریکارڈ سال 2015 میں ایک اور خلاباز گنیدی پادالکا کے نام تھا جنھوں نے خلا میں کل 878 دن اور ساڑھے 11 گھنٹے گزارے تھے.
تاہم 59 سالہ کونونینکو نے اتوار کو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (ISS) کے مدار میں 878 دن اور 12 گھنٹے گزارنے کے بعد گنیدی پادالکا کا ریکارڈ توڑتے ہوئے ایک نیا عالمی ریکارڈ بنالیا ہے۔ اور ان کے ریکارڈ میں بہتری کا سلسلہ بدستور جاری ہے کیونکہ وہ اب بھی خلا میں موجود ہیں۔
کونونینکو کا کہنا تھا کہ وہ بچپن سے ہی خلا میں جانے کا شوق رکھتے تھے اور جب بڑے ہوئے تو انھوں نے اپنے شوق کی وجہ سے انجینئرنگ انسٹیٹیوٹ میں داخلہ لیا اور اس کے بعد انھوں نے خلابازی کی تربیت بھی حاصل لی.
کونینکو نے پہلی بار خلا کا سفر 2008 میں کیا تھا اور خلا کا موجودہ سفر ان کا پانچواں خلائی سفر ہے۔
اولیگ کونونینکو اس وقت بین الاقوامی خلائی سٹیشن (آئی ایس ایس) میں قیام پزیر ہیں اور یہ سٹیشن زمین سے تقریباً 260 میل کے فاصلے پر چکر لگا رہا ہے. اُن کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ ان کا یہ موجودہ خلائی سفر ستمبر کے آخر میں ختم ہونے والا ہے اور اس وقت تک وہ خلا میں کل 1،110 دن گزار چکے ہوں گے.
کونونینکو نے روس کی ایک سرکاری خبر رساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنا پسندیدہ کام کرنے کے لیے خلا میں پرواز کرتا ہوں ریکارڈ قائم کرنے کے لیے نہیں۔