وزیر مذہبی امور انیق احمد کی سعودی سفیر نواف سعید المالکی سے ملاقات
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر مذہبی امور انیق احمد نے جمعرات کو پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف سعید المالکی سے یہاں ملاقات کی ۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان آئندہ حج انتظامات کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے کئی نکات زیر بحث آئے۔
وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ اس سال وقت سے پہلے تمام امور کو بہترین انداز میں مکمل کیا جا رہا ہے۔ پاکستانی عازمینِ حج سعودی ویزہ بائیو ایپ کی مدد سے گھر بیٹھے بائیو میٹرک کر سکیں گے۔ وزارت آئندہ ہفتے عازمینِ حج کی جامع تربیت اور بائیو میٹرک شیڈول کا اعلان کرے گی۔
اس سال پاکستانی حجاج کی سہولت کیلئے کئی منفرد اور مثالی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے بہترین خدمات کی فراہمی پر ایوارڈ حاصل کرنے والے پہلے تین ممالک میں پاکستان حج مشن کی شمولیت پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیر مذہبی امور انیق احمد کی جانب سے حجاج کو بہترین سہولیات کی فراہمی لائق تحسین ہیں۔ حجاج کرام کو سہولیات اور خدمات کی فراہمی میں پاکستانی وزارتِ مذہبی امور اور حج مشن کا کردار قابلِ تقلید ہے ۔