پاکستان میں 2024 میں پولیو کا 9واں کیس رپورٹ
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) بلوچستان کے ضلع ژوب میں 18 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کا پتہ چلا ہے، جس سے 2024 میں ملک میں پولیو کیسز کی کل تعداد نو ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ضلع ژوب کے علاقے حسن زئی اربن میں بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس کی علامات 28 جون کو ظاہر ہوئی تھیں۔
وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر ملک مختار احمد نے کہا کہ وائرس کی جینیاتی جانچ ابھی جاری ہے۔
ڈاکٹر ملک مختار احمد نے خطے میں پولیو کے دوبارہ سر اٹھانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 50 سے زائد اضلاع میں اس وائرس کی موجودگی بچوں کے لیے خطرہ ہے۔
انہوں نے تصدیق کی کہ ملک میں اب تک نو بچے پولیو سے متاثر ہوئے ہیں جن میں سے سات کیسز صرف بلوچستان سے رپورٹ ہوئے ہیں۔
اس سے قبل 28 جون کو پاکستان نے ملک میں سندھ اور بلوچستان سے پولیو کے دو کیسز رپورٹ کیے تھے، جس سے 2024 میں ملک میں کیسز کی کل تعداد آٹھ ہوگئی تھی۔
قومی ادارہ صحت نے پولیو کے دو کیسز کی تصدیق کی، بلوچستان کے قلعہ عبداللہ سے ایک دو سالہ بچہ اور کراچی کیماڑی سے تعلق رکھنے والی 3 سالہ بچی میں پولیو کی تصدیق ہوئی۔
بتایا گیا ہے کہ بچوں میں معذوری کی علامات بالترتیب 22 مئی اور 3 جون کو ظاہر ہوئیں۔
نمونوں میں پایا جانے والا وائرس پولیو وائرس کے YB3 کلسٹر سے تعلق رکھتا ہے۔