
ورلڈ بینک نے پاکستان کیلئے 35 کروڑ ڈالرز فنڈز کی منظوری دے دی
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ورلڈ بینک نے پاکستان کیلئے رائیز دوم (RISE II) پروگرام کے تحت ساڑھے 300؍ ملین ڈالرز کے قرضے کی منظوری دیدی ہے۔ قرضہ کی منظوری بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے واشنگٹن میں ہونے والے اجلاس میں متفقہ طور پر دی۔ اب آئی ایم ایف پاکستان کی 700؍ ملین ڈالرز کی دوسری قسط کے اجراء کی درخواست پر 11؍ جنوری 2024ء کو غور کرے گا پاکستان نے تمام طے شدہ اصلاحات پر عمل کر لیا ہے جس کے بعد ہی ورلڈ بینک نے قرضہ منظور کیا ہے۔
عالمی بینک کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ادارہ جاتی اصلاحات پر عمل درآمد کیلئے رقم فراہم کی جائے گی۔
اس میں کہا گیا ہے کہ عالمی بینک نے ادارہ جاتی اصلاحات کے لیے پاکستان کی حکمت عملی سے اتفاق کیا۔
اعلامیے میں کنٹری ڈائریکٹر عالمی بینک ناجی بنہیسن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیاہے کہ رقم رائز ٹو پروگرام کے تحت منظورکی گئی، رقم توانائی کے شعبے کے نقصانات کم کرنے میں معاون ہوگی۔
اب اے آئی آئی بی سے بھی توقع کی جا رہی ہے کہ وہ بدھ کو 200؍ ملین ڈالرز کی فنانسنگ کی منظوری دے گا۔ آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول کا معاہدہ ہونے کے بعد توقع تھی کہ دیگر مالیاتی اداروں سے بھی قرضوں کا سلسلہ بحال ہو جائیگا۔ قبل ازیں ایشیائی ترقیاتی بینک نے ڈی آر ایم پروگرام کے تحت قرضہ منظور کیا تھا۔