
چین کیساتھ تجارتی خسارہ ایک ماہ میں ایک ارب 66 کروڑ ڈالرز تک پہنچ گیا،رپورٹ
دنیا نیوز کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان تجارتی عدم توازن تشویشناک حد تک بڑھ گیا ہے اور صرف ایک ماہ میں تجارتی خسارہ ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔
دنیا نیوز کے مطابق سرکاری اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ 2025 کے ابتدائی پانچ ماہ میں پاکستان کا چین کے ساتھ مجموعی تجارتی خسارہ 8 ارب 58 کروڑ ڈالرز تک پہنچ گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مئی 2025 میں پاکستان نے چین سے ایک ارب 84 کروڑ ڈالرز کی اشیاء درآمد کیں جبکہ اسی دوران چین کو صرف 18 کروڑ ڈالرز کی برآمدات کی گئیں۔ دنیا نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی چین کو برآمدات اب کمبوڈیا، میانمار، تھائی لینڈ، ویتنام، ملائیشیا، فلپائن اور انڈونیشیا سے بھی کم ہو چکی ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال کے ابتدائی پانچ ماہ میں پاکستان نے چین کو صرف ایک ارب ڈالرز کی اشیاء برآمد کیں جبکہ اسی عرصے میں چین سے درآمدات 9 ارب 62 کروڑ ڈالرز تک پہنچ گئیں۔
تجارتی ماہرین کے حوالے سے دنیا نیوز نے رپورٹ کہا ہے کہ چین کے ساتھ بڑھتا ہوا خسارہ پاکستان کی برآمدی صلاحیت اور صنعتی مسابقت میں کمی کی واضح علامت ہے۔ ماہرین نے زور دیا کہ تجارتی توازن بہتر بنانے کے لیے فوری پالیسی اصلاحات نافذ کی جائیں۔