الیکشن کیلئے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال کا آج آخری دن
الیکشن کے لیے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال کا آج آخری روز ہے، بانی چیئرمین پی ٹی آئی، شہباز شریف اور بلاول کے کاغذات منظور یا مسترد ہونے کے فیصلے بھی آج متوقع ہیں۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے لاہور کے حلقہ این اے 127 سے کاغذات نامزدگی پر اعتراض کا فیصلہ آج ہو گا، اسی طرح این اے 122 سے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے کاغذات پر اعتراض کا فیصلہ بھی آج ہو گا۔
مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز کے لاہور کے حلقوں این اے 119 اور این اے 120 سے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال آج ہو گی۔
کاغذاتِ نامزدگی منظور یا مسترد کیے جانے کے خلاف اپیل 3 جنوری تک کی جاسکے گی جبکہ ان اپیلوں پر انتخابی ٹریبونل 10 جنوری تک فیصلہ کریں گے۔