چین کا حالیہ دورہ کامیاب رہا،اعلیٰ سطحی چینی وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا،وزیراعظم
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) منگل کو وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ان کا حالیہ پانچ روزہ دورہ چین کامیاب رہا کیونکہ ایک اعلیٰ سطحی چینی وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔
وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اراکین کو بتایا کہ ان کی ٹیم بشمول وفاقی وزراء اور وفاقی سیکرٹریز کی اجتماعی کوششیں رنگ لائیں اور یہ دورہ پاک چین دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کا بہترین موقع ہے۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ چین کے دورے سے قبل کئی اجلاس کیے، دورہ چین میں سیکیورٹی سے متعلق معاملات ایجنڈے میں سرفہرست تھے۔ چینی سفیر سے بھی ملاقات ہوئی تھی، انہوں نے خدشات کا اظہار کیا تھا، تاہم دورہ چین کے دوران سیکیورٹی کے معاملے پر کافی بات چیت ہوئی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ کے ارکان کو اپنے دورے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ میں واضح طور پر کہہ سکتا ہوں کہ یہ دورہ ایک مثبت نوٹ کے ساتھ ختم ہوا۔شہباز شریف نے کہا کہ صوبہ شانزی کے دورے کے دوران کمیونسٹ پارٹی کے سیکرٹری کی طرف سے دی گئی ضیافت میں چینی سفیر کے ساتھ گفتگو کے دوران مجھے گہرا احساس ہوا کہ دورہ بہت کامیاب رہا ۔
وزیراعظم نے اپنی کابینہ کے تمام اراکین خاص طور پر اسحاق ڈار، احسن اقبال، خواجہ محمد آصف، ڈاکٹر مصدق ملک اور شازہ فاطمہ خواجہ اور متعلقہ وفاقی سیکرٹریز کا ان کی اجتماعی کوششوں پر شکریہ ادا کیا جس کی وجہ سے دورہ کامیاب ہوا۔
انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اجتماعی کوششوں سے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے پر تیزی اور کامیابی سے عملدرآمد ہو گا۔