پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے قومی ایئرلائن کی نجکاری کی منظوری دیدی
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے قومی ایئرلائن کی تنظیم نو اور نجکاری کی منظوری دے دی۔
پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اعلامیے کے مطابق بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 83 واں اجلاس 25 مارچ کو ہوا جس میں پی آئی اے کی تنظیم نو اور نجکاری کے لیے اسکیم آف ارینجمنٹ کی منظوری دی گئی۔
اعلامیے کے مطابق سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن (ایس ای سی پی) کے ساتھ پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز طریقہ کار طے کرے گا، اس کے لیے پی آئی اے کی نجکاری کا منصوبہ سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کو پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ حکومت نے پی آئی اے کی نجکاری کا فیصلہ گزشتہ سال جون میں آئی ایم ایف معاہدے پر دستخط کے چند ہفتے بعد ہی کرلیا تھا۔