سعودی عرب نے رمضان کے دوران مساجد میں افطاری پر پابندی لگا دی
اردو انٹرنیشنل(مانیٹرنگ ڈیسک) تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں رمضان المبارک کے مہینے کیلئے مساجد کو نئی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جس کے مطابق مسجد کے اندر افطار کی ممانعت ہوگی۔
سعودی وزارت اسلامی امور نے رمضان المبارک کے دوران مساجد میں موجودکیمروں کے ذریعے امام یا نمازیوں کی تصویر بنانے اور نمازوں کی ریکارڈنگ کسی بھی میڈیا پرنشر کرنے پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔
اس کے سعودی حکام کی جانب سے مساجد کے اماموں کو رمضان المبارک کے مہینے کے دوران نمازیوں کو افطاری کے کھانے کی فراہمی کے لیے چندہ جمع کرنے سے بھی روک دیا ہے۔
حکام نے واضح کر دیا ہے کہ رمضان المبارک میں غروب آفتاب کے وقت افطار کی ضیافتیں مساجد کے اندر نہیں ہونی چاہئیں تاکہ مساجد کو صاف رکھا جا سکے اور اس کے بجائے صحنوں میں مخصوص جگہ پر افطاری منعقد کا اہتمام کیا جائے.
اس کے ساتھ ساتھ ائمہ کرام کو بھی ہدایات جاری کر دی گئی کہ وہ نماز تراویح کو طول دینے سے گریز کریں اور نمازیوں کے لیے فائدہ مند خطبہ دیں، خاص طور پر رمضان کے مقدس مہینے کے روزے کے احکام اور فضیلت پر روشنی ڈالیں۔