ایران کو شاہین تھری میزائل بھیجنے کی خبریں صریحاً غلط ہیں، دفتر خارجہ
تہران ٹائمز کی جانب سے یروشلم پوسٹ کی ایک رپورٹ کو ری ٹویٹ کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کے قتل کے بعد ایران کو شاہین تھری میزائل بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔
اس حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے جواب دیا کہ”اس طرح کی رپورٹیں صریحاً غلط ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسی رپورٹس پر کوئی توجہ دینے سے پہلے ضروری ہے کہ ایسی بے بنیاد رپورٹس کے پس پردہ ماخذ اور ان کے پس پردہ بدنیتی پر مبنی ایجنڈے پر غور کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ یہ مشرق وسطیٰ میں ایک نازک وقت ہے۔ اس لیے ہم تمام فریقوں بشمول میڈیا سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ جعلی خبروں کو پھیلانے میں ملوث نہ ہوں۔