پی ٹی آئی کو انتخابی نشان کی الاٹمنٹ کا معاملہ، الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس کل طلب

0
231

پی ٹی آئی کو انتخابی نشان کی الاٹمنٹ کا معاملہ، الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس کل طلب

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کو انتخابی نشان کی الاٹمنٹ کے معاملے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کا اہم اجلاس کل طلب کرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کل صبح الیکشن کمیشن کے سیکریٹرٹ میں ہوگا، اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں ہوگا۔

اجلاس میں کمیشن کے چاروں اراکین اور اسپیشل سیکریٹریز شرکت کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے پر مشاورت کی جائے گی اور الیکشن کمیشن کا لا ونگ کمیشن کو پشاور ہائی کورٹ فیصلے سے متعلق قانونی نکات پر بریفنگ دے گا۔

انہوں نے کہا کہ تاحال الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخاب سے متعلق پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ موصول نہیں ہوا ہے۔

واضح رہے کہ کچھ دیر قبل پشاور ہائی کورٹ نے انتخابی نشان کیس میں الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کو ’بلے‘ کے نشان پر الیکشن لڑنے کی اجازت دی تھی۔

پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس اعجاز انور اور جسٹس ارشد علی نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات اور انتخابی نشان کیس کی سماعت کی تھی۔