صدارتی انتخاب: آصف علی زرداری کے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے گئے
صدارتی الیکشن کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما آصف علی زرداری کے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے گئے ہیں۔
ان کے کاغذات نامزدگی پیپلز پارٹی کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے پریذائیڈنگ افسر اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق کے پاس جمع کروائے ہیں۔
سینیٹ اور قومی اسمبلی میں صدارتی الیکشن کے لیے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ پریذائیڈنگ افسر مقرر ہیں۔
خیال رہے پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ن کے قائدین پہلے ہی اعلان کرچکے ہیں کہ صدر کے عہدے کے لیے آصف علی زرداری ان کے مشترکہ امیدوار ہوں گے۔
بلاول بھٹو زرداری، آصف زرداری کے تجویز کنندہ اور فاروق ایچ نائیک تائید کنندہ ہیں۔
اس موقع پر فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ وہ آصف علی زرداری کے دوسرے کاغذاتِ نامزدگی بھی جمع کروا رہے ہیں۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے ان سے اس کی وجہ پوچھی تو فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ وہ احتیاطی تدبیر کے طور پر دو کاغذاتِ نامزدگی جمع کروا رہے ہیں اور دونوں کاغذاتِ نامزدگی میں تجویز اور تائید کنندہ مختلف ہیں۔