
Pakistani athlete Arshad Nadeem will be seen in action today at the Olympic Games
اردو انٹرنیشنل اسپورٹس ویب ڈیسک تفصیلات کے مطابق پاکستان کے ٹاپ ایتھلیٹ ارشد ندیم اولمپک گیمز میں میڈل لینے کی امید کے ساتھ آج ایکشن میں دکھائی دینگے۔
پیرس میں جاری اولمپک گیمز میں قومی ہیرو پول بی میں بھارتی حریف نیرج چوپڑا کے ساتھ فائنل راونڈ میں کوالیفائی کرنے کے لئے مقابلہ کریں گے ، گروپ اے اور گروپ بی میں 32 ایتھلیٹس فائنل راونڈ کے لئے مدمقابل ہونگے جن میں سے بہترین 12 ایتھلیٹس فائنل کے لئے کوالیفائی کرینگے۔
گروپ بی کا مقابلہ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دوپہر 2 بجکر 50 منٹ پر شروع ہوگا ، جہاں ارشد پانچویں نمبر پر ہوں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ قوم میرے لئے دعا کرے، تمام توجہ کل کے کھیل پر مرکوز ہے، مکمل فٹ اور میڈل کے لئے پر امید ہوں۔
یاد رہے ٹوکیو اولمپکس میں ارشد ندیم 84.62 میٹر جیولن تھرو کیساتھ پانچویں نمبر پر رہے تھے ،جبکہ ٹوکیو اولمپکس میں بھارتی پلیئر نیرج چوپڑا نے 87.58 میٹر تھرو کیساتھ گولڈ میڈل جیتا تھا۔
ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں ارشد ندیم نے چاندی کا تمغہ جیتا تھا، اولمپکس گیمز 2024 میں پاکستان کے سات ایتھلیٹس نے حصہ لیا تھا جن میں سوئمنگ، شوٹنگ اور سو میٹر اسپرنٹ ریس شامل تھی تاہم ساتھ میں سے چھ ایتھلیٹس پہلے ہی باہر ہوچکے ہیںاب پاکستانی قوم کی امیدیں ارشد ندیم سے وابستہ ہیں .