پاکستان میری ٹائم سکیورٹی کا جہاز بھارتی ماہی گیروں کی کشتی سے ٹکرا گیا،ماہی گیروں کو بچاتے 1 اہلکار شہید
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی (پی ایم ایس اے)کے جہاز کا بھارتی ماہی گیروں کی 8 کشتیوں سے آمنا سامنا ہوا، بھارتی ماہی گیروں کی ایک کشتی پی ایم ایس اے کے جہاز سے ٹکرا گئی۔
ترجمان پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے مطابق پی ایم ایس اے کے جہاز کا گشت کے دوران پاکستانی سمندری حدود میں غیر قانونی سرگرمیوں میں مصروف 8 ہندوستانی کشتیوں سے آمنا سامنا ہوا۔
ترجمان کا بتانا ہے کہ پکڑے جانے سے بچنے کے لیے ماہی گیر کشتیوں میں سے ایک نے اپنی رفتار بڑھا دی اور ہندوستانی سمندر کی طرف بھاگنے لگی۔
ترجمان نے بتایا کہ تعاقب کے دوران بھارتی ماہی گیروں کی کشتی پی ایم ایس اے کے جہاز سے ٹکرا گئی، نتیجے میں بھارتی ماہی گیروں کی کشتی الٹ گئی اور کشتی کا عملہ بورڈنگ ٹیم سمیت سمندر میں گر گیا۔
پی ایم ایس اے کے جہاز نے ہندوستانی ماہی گیروں اور پی ایم ایس اے کے اہلکاروں کو بچانے کے لیے تیزی سے کام شروع کیا۔
تاہم، اسی دوران پی ایم ایس اے کا جوان محمد ریحان شہید ہوگیا جب کہ 7 میں سے 5 ہندوستانی ماہی گیروں کو بھی زندہ بچا لیا گیا، دو لاپتا بھارتی ماہی گیروں کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔