
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ملتان کے علاقے فہد ٹاؤن میں ایل پی جی ٹینکر میں دھماکہ ہوا جس سے 5 افراد جاں بحق جبکہ 31 زخمی ہوئے ہیں۔
دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو نشتر اسپتال کے برن یونٹ میں داخل کیا گیا ہے جن میں سے 13 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔
واقعہ رات گئے پیش آیا جس کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا اور کئی مکانات بھی منہدم ہوئے۔ کمشنر ملتان کے مطابق دھماکے کے بعد لگنے والی آگ پر ریسکیو کی 16 گاڑیوں نے 5 گھنٹے کے طویل آپریشن کے بعد قابو پالیا جس کے بعد کولنگ کا عمل جاری ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ ایل پی جی ٹینکر کو آگ لگنے سے ہوا۔ حکام کے مطابق آگ لگنے کی وجہ کا تاحال تعین نہ ہوسکا۔
سی پی او ملتان کے مطابق ٹینکر کا عملہ ملتان کا ہی رہائشی تھا اور دوسرے دن لاہور جانے کے لیے ٹینکر پارک کیا ہوا تھا کہ اس میں دھماکہ ہوا۔
دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ دور دور تک اس کی آواز سُنی گئی اور بستی حامد پور میں بھی کچھ مکانات میں آگ لگ گئی۔ دھماکے کی وجہ سے ٹینکر کے آہنی پرزے دور ایک گھر پر گرنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد زخمی ہوگئے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے سے پہلے ٹینکر میں لیکج ہوئی تھی جس کے بعد علاقے میں گیس کی بدبو پھیلنے سے مقامی رہائشی علاقے سے منتقل ہوئے تھے جس کے بعد دھماکہ ہوا۔
سی پی او ملتان کا بتانا ہے کہ دھماکے میں مقامی آبادی کی مویشیوں کی بھی بڑی تعداد آگ کی نذر ہوگئی۔
واقعے کے بعد ریسکیو، پولیس اور انتظامیہ کے اہلکار اور افسران علاقے میں موجود ہیں اور نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں جبکہ دھماکے سے تباہ شدہ گھروں کا ملبہ ہٹانے کا کام بھی جاری ہے۔