
اسرائیلی فوج لبنان میں بڑے زمینی آپریشن کے لیے تیار ہے:حکام
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی براڈکاسٹنگ کارپوریشن نے سینئر اسرائیلی حکام کے حوالے سے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے لبنان میں ممکنہ بڑے زمینی آپریشن کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ کارپوریشن نے عندیہ دیا کہ فوج مشق سے پہلے فضائی کارروائی کرے گی۔ یہ اعلان ایسے وقت میں کیا گیا جب حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی بڑھ رہی ہے۔
اسرائیلی افواج اور حزب اللہ کے جنگجو کئی مہینوں سے لبنان کی جنوبی سرحد کے قریب دیہاتوں اور بستیوں میں ایک دوسرے کی نگرانی کر رہے ہیں۔ پوزیشنیں تبدیل کر رہے اور اپنا کنٹرول مسلط کرنے کے لیے حالات کو جنگ کے مطابق ڈھال رہے ہیں۔
اکتوبر میں غزہ میں جنگ کے آغاز کے بعد سے دونوں فریق روزانہ ایک دوسرے پر فضائی حملے، راکٹوں اور توپخانوں کے گولوں سےحملے کررہے ہیں . تاہم یہ صورت حال مکمل جنگ میں تبدیل نہیں ہوئی ہے۔ سرحد کے دونوں طرف سے ہزاروں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا تھا۔ یہ امید کی جارہی تھی کہ بچے ستمبر میں نئے تعلیمی سال کا آغاز کرنے کے لیے واپس ان علاقوں میں لوٹ سکیں گے۔ تاہم اسرائیلی وزیر تعلیم یوو کیش نے منگل کے روز اعلان کیا کہ حالات اس بات کی اجازت نہیں دیتے ہیں۔
اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں لبنان میں حزب اللہ کے لگ بھگ 350 جنگجو اور 100 سے زیادہ عام شہری جاں بحق ہوگئے ہیں۔ ڈاکٹر، بچے اور صحافی بھی قتل کئے گئے۔ اسرائیل کے اندر دس اسرائیلی شہری، ایک غیر ملکی زرعی کارکن اور 20 اسرائیلی فوجی مارے گئے ہیں۔