اسرائیل اپنی حمایت کھونے لگا ہے،نیتن یاہو اپنی کابینہ تبدیل کرلیں،بائیڈن
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو خبردار کیا ہے کہ غزہ پر شدید بمباری اور بربریت کے باعث اسرائیل اپنی عالمی حمایت کھونے لگا ہے.ایک تقریب کے دوران بات چیت کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو اپنی سخت گیر حکومت کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس ایک موقع ہے کہ ہم خطے کو متحد کر سکیں اور ایسا کرنا بھی چاہتے ہیں لیکن نیتن یاہوکو بھی سمجھنا ہوگا کہ اس موقعے کو مستحکم کرنے کیلئے اسے بھی کچھ اقدامات کرنا ہوں گے اور وہ عالمی دباؤ کے بعد مستقبل میں فلسطینی ریاست کے قیام سے انکار نہیں کرسکتے کیونکہ یہ بہت مشکل ہوگا۔
اپنے بیان میں اسرائیل کے انتہائی دائیں بازو کےقدامت پرست سیاست دانوں خاص طور پر اسرائیلی نیشنل سکیورٹی کے وزیر اتمار بن گویر کی جانب اشارہ کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ موجودہ اسرائیلی حکومت اسرائیل کی تاریخ کی سب سے قدامت پرست حکومت ہے، نیتن یاہو کو اپنی حکومت میں تبدیلیاں کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ حکومت اسرائیل کیلئے مشکلات پیدا کر رہی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق امریکی صدر کا بیان غزہ میں اسرائیل کی بے رحمانہ بمباری کے دوران ہزاروں فلسطینیوں کی شہادتوں پر بڑھتے ہوئے عالمی دباؤ اورغزہ میں بلاتفریق اسرائیلی بمباری پر امریکی تحفظات میں اضافے کے بعد سامنے آیا ہے۔