
واشنگٹن کو اسرائیل کے جرائم میں شمولیت پر جوابدہ ٹھہرایا جائے،ایران کا مطالبہ
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کی وزارتِ خارجہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پیر کے روز اسرائیلی کنیسٹ میں دیے گئے بیان کو بے بنیاد الزامات، غیر ذمہ دارانہ اور شرمناک دعوے قرار دیتے ہوئے سخت مذمت کی ہے۔
وزارتِ خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ ریاستہائے متحدہ، جو دنیا میں دہشت گردی کی سب سے بڑی پیدا کرنے والی قوت ہے اور دہشت گرد و نسل کش صہیونی حکومت کی کھلی حامی ہے، دوسروں پر الزام لگانے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں رکھت”
بیان میں ایران کے شہید لیفٹیننٹ جنرل قاسم سلیمانی جو سپاہِ پاسدارانِ انقلابِ اسلامی کی قدس فورس کے سربراہ تھے کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور واشنگٹن کی جانب سے اس عظیم مجاہد کے قتل کو سختی سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
وزارت نے کہا ہے کہ ایران کی عوام، ایران اور خطے کے ابدی ہیرو شہید حاج قاسم سلیمانی کو گہری عقیدت کے ساتھ یاد کرتی ہے، جنہوں نے امریکی ساختہ داعش دہشت گردی کے خلاف بے مثال کردار ادا کیا۔ ایرانی عوام کبھی بھی امریکہ کے اس وحشیانہ جرم جس میں اس عظیم انسان اور ان کے ساتھیوں کو شہید کیا گیا — کو معاف یا فراموش نہیں کرے گی۔
بیان میں ایران کے پُرامن ایٹمی پروگرام سے متعلق امریکی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا گیا کہ ایسے دعوے امریکہ اور اسرائیل کے مشترکہ جرائم کو درست نہیں ٹھہرا سکتے۔مزید کہا گیا جارحیت کے اعتراف سے صرف امریکہ کی ان جرائم میں ذمہ داری بڑھتی ہے اور یہ امریکی پالیسی سازوں کی ایرانی قوم سے گہری دشمنی کو ظاہر کرتا ہے۔
ٹرمپ نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ امریکہ یہ یقینی بنانا چاہتا ہے کہ ایران کبھی بھی اور میرا مطلب ہے کبھی بھی، ایٹمی ہتھیار حاصل نہ کرے۔
ایرانی وزارتِ خارجہ نے واشنگٹن پر قابض فلسطین میں صہیونی حکومت کی نسل کشی اور جنگ پسندی میں شراکت داری کا الزام عائد کیا اور مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اسرائیل کو بچانے اور عالمی عدالتی اقدامات میں رکاوٹ ڈالنے پر امریکہ کو جوابدہ ٹھہرایا جائے۔
بیان میں امریکی مداخلت پسند پالیسیوں، قبضے کی حمایت، اور ہتھیاروں کی فروخت کو خطے میں بدامنی اور عدم استحکام کا سب سے بڑا ذریعہ قرار دیا گیا۔آخر میں وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ اپنی عظیم تاریخی وراثت پر فخر کرتے ہوئے، ایرانی قوم عقل، مکالمے اور تعامل کی علمبردار ہے اور وہ ایران کی آزادی، قومی وقار اور مفادات کے دفاع میں جرات اور عزم کے ساتھ عمل کرتی ہے۔