بھارتی فضائیہ کا لڑاکا طیارہ راجستھان میں گر کر تباہ
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی فضائیہ کا لڑاکا طیارہ تیجس راجستھان میں گر کر تباہ ہوگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی فضائیہ کا طیارہ تیجس منگل کو آپریشنل ٹریننگ کے دوران جیسلمیر کے قریب گر کر تباہ ہوا ہے۔
تاہم پائلٹ جہاز کے تباہ ہونے سے قبل پیرا شوٹ کے ذریعے جہاز سے نکلنے میں کامیاب ہوگیا، اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
ہندوستان ٹائمز کی `رپورٹ کے مطابق بھارتی فضائیہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی فضائیہ کا ایک طیارہ تیجس آج جیسلمیر میں ایک آپریشنل ٹریننگ کے دوران حادثے کا شکار ہوگیا جبکہ پائلٹ طیارے سے بحفاظت باہر نکلنے میں کامیاب رہا، اس حادثے کی وجہ جاننے کے لیے کورٹ آف انکوائری تشکیل دے دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال بھی بھارت میں لڑاکا طیارہ مگ-21 پرواز کے دوران ایک گھر پر گر کر تباہ ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق بھارتی ریاست راجستھان میں پولیس افسر سدھیر چوہدری نے بتایا کہ مگ 21 طیارہ ایک گھر پر گر گیا، جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہوگئے تاہم پائلٹ کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
اس سے قبل 2021 میں بھارتی فضائیہ (آئی اے ایف) کا مِگ 21 طیارہ ریاست راجستھان کی صورت گڑھ ایئر بیس میں گر کر تباہ ہوگیا تھا۔
قبل ازیں 2019 میں بھارتی فضائیہ کا مِگ27 طیارہ راجستھان میں جودھ پور کے قریب گر کر تباہ ہو گیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مِگ 27 کا پائلٹ محفوظ طریقے سے طیارے سے نکلنے میں کامیاب رہا اور تباہ ہونے والا طیارہ معمول کی پرواز پر تھا۔