عمران خان کا الیکشن میں ’دھاندلی‘ کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم اور تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان نے رواں برس فروری میں ہونے والی عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔
عمران خان نے اپنی درخواست میں سپریم کورٹ کے حاضر سروس ججوں پر مشتمل عدالتی کمیشن تشکیل دینے کی استدعا کی ہے۔
سینیئر وکیل حامد خان کے ذریعے سپریم کورٹ میں جمعرات کو دائر کی گئی درخواست میں سپریم کورٹ کے تعصب نہ رکھنے والے ججوں پر مشتمل کمیشن بنانے کی درخواست کی گئی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ کمیشن آٹھ فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات کے طریقۂ کار اور اس کے عمل کے علاوہ اس کے نتائج کے حوالے سے معاملات کی تحقیقات کرے، ان کا آڈٹ کرے اور جائزہ لے اور اس کی تحقیقات مکمل اور نتیجہ عام ہونے تک ان انتخابات کے نتیجے میں عمل پذیر ہونے والے واقعات بشمول وفاق اور پنجاب میں حکومتوں کی تشکیل کو معطل کر دیا جائے۔