متحدہ عرب امارات میں طوفانی بارشیں، پاکستان نے فضائی آپریشن معطل کردیا
اردو انٹرنیشنل ( مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان نے متحدہ عرب امارات میں خراب موسم کے باعث فضائی آپریشن معطل کر دیا.
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے لیے سفر کرنے والے مسافروں کے لیے سفری ہدایات جاری کر دیں۔
ترجمان پی ائی اے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں طوفانی بارشوں کے باعث دبئی اور شارجہ کے لیے فضائی آپریشن شدید متاثر ہے، پی ائی اے سمیت دیگر ایئر لائنز کا فضائی آپریشن تاحکم ثانی معطل رہے گا۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں گزشتہ چند روز کے دوران شدید بارشوں کا سلسلہ جاری رہا تھا، طوفانی بارش کے باعث ایئرپورٹس اور اماراتی ایئرلائنز کا نظام شدید متاثر ہوگیا تھا، سیکڑوں عالمی پروازیں بھی متاثر ہو گئی تھیں۔
متحدہ عرب امارات کے حکام نے “غیر مستحکم” موسمی حالات کے درمیان اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔
تمام شعبوں میں حفاظتی مشورے جاری کیے گئے ہیں۔ اسکولوں میں تعلیم انلائن دی جا رہی ہے، جبکہ کمپنیوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ملازمین کو گھر سے کام کرنے دیں۔ پارکس اور ساحل بند کر دیے گئے ہیں۔ ہوائی اڈے اور ایئر لائنز بھی اس کے اثرات کے لیے کوشاں ہیں۔
دبئی کے فلیگ شپ کیریئر ایمریٹس نے بھی استنبول، نیروبی، قاہرہ، عمان، سنگاپور اور جوہانسبرگ سمیت کئی مقامات کے لیے پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔