حکومت کا 1 لاکھ روپے تک تنخواہ والوں کو ٹیکس ریلیف دینے کا فیصلہ
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک)حکومت نے 1 لاکھ تک تنخواہ والوں کو ٹیکس ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے ،فیصلے کے مطابق 1 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ پر ڈھائی فیصد انکم ٹیکس جزوی یا پورا واپس لیے جانے پر غور، باضابطہ اعلان جلد متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے رواں مالی سال کے بجٹ میں تنخواہ دار طبقے پر لگائے گئے بے تحاشہ ٹیکسز کے بعد ملک بھر کے تنخواہ دار طبقے کی جانب سے شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا ۔
بھاری ٹیکسز عائد کرنے پر حکومت شدید تنقید کی زد میں رہی، جس کے بعد اب ذرائع کے مطابق حکومت نے تنخواہ دار طبقے کو کچھ ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت نے تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینے پر غور شروع کردیا جس کے لیے وزیراعظم نے معاشی ٹیم کو ٹاسک بھی دے دیا ہے۔ نذرائع کے مطابق ماہانہ 1 لاکھ تنخواہ پر انکم ٹیکس کی شرح میں نظرثانی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ پر ڈھائی فیصد انکم ٹیکس جزوی یا پورا واپس لیا جاسکتا ہے۔ ایک لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ پر ٹیکس ریلیف سے 40 ارب روپے کا فرق پڑے گا، انکم ٹیکس میں کمی یا چھوٹ سے محصوصلات میں فرق پی ایس ڈی پی کم کرکے پورا کیا جائے گا۔ ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ تنخواہ دار طبقے کے انکم ٹیکس ریلیف پر آئی ایم ایف کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ واضح رہے کہ حکومت نے بجٹ میں ایک لاکھ تک ماہانہ تنخواہ پر انکم ٹیکس کی شرح 2.5 فیصد مقرر کر دی تھی۔