ڈیرہ اسماعیل خان:تھانہ چودھوان پر دہشت گردوں کا حملہ ،10اہلکار شہید 6 زخمی
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل درابن کے تھانہ چودھوان کی عمارت پر تعینات پولیس اہلکاروں کو دہشت گردوں نے رات گئے اسنائپر سے نشانہ بنایا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق دہشت گردوں نے تھانہ میں گھس کر دستی بموں کا استعمال کیا۔ دہشتگردوں کے تھانے پر حملے میں 10اہلکار شہید اور6اہلکار زخمی ہوگئے،
واقعے کے بعد دہشتگرد فرار ہو گئے۔حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نمازِ جنازہ اعجاز شہید پولیس لائن میں ادا کی جائے گی۔افسوسناک واقعے کی فوری اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری لائن پولیس ڈیرہ سے روانہ کردی گئی۔ بعدازاں دہشتگردوں کی تلاش کیلیے سرچ آپریشن بھی شروع کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب ڈی ایس پی درابن نے بتایا کہ شہید اہلکاروں میں 4 ایلیٹ فورس کے جوان اور 6 ضلع ڈیرہ سے تعلق رکھتے ہیں، ایلیٹ فورس صوابی کی پلاٹون تھانہ چودھوان پر تعینات ہیں۔
آئی جی خیبرپختونخوا اختر حیات خان اور چیف سیکریٹری خیبرپختوانخواہ بھی ڈیرہ اسماعیل خان پہنچ گئے۔واضح رہے کہ چند روز قبل دہشتگردوں نے مچھ میں بھی دہشتگردانہ کارروائی کی تھی ۔سیکورٹی فورسز نے مچھ میں بی ایل اے کے دہشت گردوں کا حمل پسپا کر دیاتھا۔سیکورٹی فورسز کو پہلے سے دہشت گردوں کے حملے کی اطلاعات مل گئی تھی جس کے بعد سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کیلئے گھات لگا رکھی تھی۔
دہشت گرد سیکورٹی فورسز کی طرف سے موثر جواب کے نتیجے میں بوکھلا کر پسپا ہو گئے،سیکورٹی فورسز بھاگتے دہشت گردوں کے خلاف سرچ آپریشن شروع کر چکی ہیں۔ نگران وزیراطلاعات بلوچستان جان اچکزئی کا مچھ میں دہشتگردی کی کارروائی پر کہنا تھا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق پہاڑوں سے کچھ راکٹ فائر کئے گئے تھے۔لا اینڈ انفورسمنٹ کے ادارے الرٹ تھے اس لئے دہشتگردووں کا حملہ پسپا کر دیا گیا تھا۔