
سمندری طوفان ’شکتی‘ شدت اختیار کر گیا، سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں بارش کا امکان
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے ہفتہ کو جاری کردہ نوٹیفکیشن میں بتایا ہے کہ شمال مشرقی بحیرۂ عرب میں موجود سمندری طوفان ’شکتی‘ گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران مغرب کی جانب بڑھتے ہوئے ’’شدید سمندری طوفان‘‘ میں تبدیل ہو گیا ہے۔
محکمے کے مطابق یہ طوفان مغرب-جنوب مغرب کی سمت بڑھتا ہوا 5 اکتوبر تک شمال مغربی اور وسطی شمالی بحیرۂ عرب پہنچے گا، جس کے بعد مشرق-شمال مشرق کی جانب رخ کر کے بتدریج کمزور پڑ جائے گا۔
پی ایم ڈی نے بتایا کہ طوفان کے اثرات کے باعث ہفتہ کو بدین، ٹھٹھہ، سجاول، جامشورو، حب، لسبیلہ، آواران اور کیچ کے اضلاع میں ہوا کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش اور کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
کراچی ڈویژن کے کچھ علاقوں میں بھی ہلکی بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمے نے مزید کہا کہ ساحلی سندھ کے قریب سمندر میں لہریں ’’مضطرب سے بہت زیادہ مضطرب‘‘ رہنے کی توقع ہے اور تیز ہواؤں کے جھکڑ کی رفتار 55 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہو سکتی ہے۔ماہی گیروں کو اتوار تک گہرے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ اگلے 36 گھنٹوں کے دوران وسطی شمالی اور شمالی بحیرۂ عرب میں سمندری لہریں بلند رہیں گی اور طوفان کے مرکز کے قریب مزید تیز ہو سکتی ہیں۔
پی ایم ڈی کے مطابق، کراچی میں آج جزوی طور پر ابر آلود اور مرطوب موسم کے ساتھ کہیں کہیں ہلکی بوندا باندی کا امکان ہے، اتوار کو جزوی طور پر ابر آلود جبکہ پیر کو زیادہ تر دھوپ والا اور مرطوب موسم رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ اس کے سائیکلون وارننگ سینٹر کراچی سے مسلسل اپ ڈیٹس جاری کی جائیں گی۔