تمام سیاسی محالف مل کر الیکشن میں مقابلہ کریں ،ہم ایک وار میں شکست دیں گے،عاجز دھامرہ
نواب شاہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے ترجمان سینیٹر عاجز دھامرہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے خلاف ہمیشہ اس طرح کے اتحاد بنتے آئے ہیں، ماضی میں بھی آئی جے آئی جیسے اتحاد بنتے آئے ہیں .انہوں نے کہا کہ 15 سال پیپلز پارٹی نے سندھ میں عوام کے مینڈیٹ اور ووٹوں کی بنیاد پر حکومت کی اور ہر الیکشن میں پیپلزپارٹی کے ووٹوں کی تعداد بڑھتی گئی.
سینیٹر عاجز دھامرہ نے کہا کہ جو جماعتیں ہمارے خلاف اتحاد بنا رہی ہیں سامنے آکر مقابلہ کریں. انہوں نے پیپلزپاٹی کے خلاف بننے والے اتحادوں سے متعلق کہا کہ ہم ان اتحادوں سے خوش بھی ہیں اور خوش اس لحاظ سے ہیں کہ ہم ایک ایک پارٹی کو اگر الگ الگ شکست دیں تو ہماری توانائی پہ اثر پڑے گا اور ہمارا قیمتی ٹائم ضائع ہوگا اس لیے ہم کہہ رہے ہیں کہ ہمارے سب قابل احترام مخالفین اور سیاسی بے روزگاروں کا ٹولہ مل جائیں تاکہ ہم ایک ہی وار میں سب کا شکار کریں اور سب کو اجتماعی شکست دیں.
انہوں نے کہا کہ میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ سیاست میں اخلاقیات کی داعی بھی پاکستان پیپلز پارٹی ہے. ہمیں تمام پولیٹیکل پارٹیز کے لیے احترام ہے اور رہے گا ،ہم تمام پولیٹیکل پارٹیز کے قائدین کا احترام کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے،ہمیں تمام پولیٹیکل پارٹیز کے ورکروں ،ان کے نعروں اور ان کے جھنڈوں کے لیے احترام ہے اور رہے گا .
عاجز دھامرہ نے کہا کہ ہم اپنے سیاسی مخالفین سے کہہ رہے ہیں کہ آپ سب کو اجتماعی شکست کھانے کا ایک بار پھر شوق ہے تو پھر پیپلز پارٹی بھی تیار ہے.اگر 8 فروری کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے الیکشن کرا دیے تو گھوڑا بھی حاضر ہے اور میدان بھی حاضر اور ہم مقابلہ کریں گے.