اردو انٹرنیشنل ( اسپورٹس ڈیسک ) تفصیلات کے مطابق شارجہ میں آئر لینڈ اور افغانستان کے درمیان ہونے والے دوسرے ٹی ٹوئینٹی میچ میں محمد نبی اور راشد خان نے آئرلینڈ کے خلاف عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔
شروع میں افغان ٹیم کو مشکل کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ ابتدائی اوورز میں ہی افغانستان کی اوپر نیچے چار وکٹیں گر گئیں ۔ لیکن اس کے بعد محمد نبی نے افغانستان کی اننگز کو استحکام بخشتے ہوئے بلے باز اتل کے ساتھ 79 رنز کی شراکت قائم کی اور 38 گیندوں پر 59 رنز بنا کر افغانستان کے مجموعی اسکور کو 152 رنز تک پہنچانے میں مدد کی۔
اس کے جواب میں آئرلینڈ کا آغاز اچھا تھا اور انہوں نے صرف پانچ اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر 49 رنز بنا ئے ۔ تاہم، اس کے بعد آئرش ٹیم کی وکٹیں تیزی سے گرنا شروع ہوگئیں ، اور گیرتھ ڈیلنی کے کچھ بڑے شاٹس کے باوجود آئرلینڈ کی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز پر مقررہ اوورز میں ہدف کا تعاقب کرنے میں ناکام رہی ۔
افغانستان کی جانب سے راشد خان نے صرف 14 رنز دے کر چار وکٹیں لے کر افغانستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی باؤلنگ نے افغانستان کو میچ پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے میں مدد دی۔
میچ کا ایک قابلِ ذکر لمحہ وہ تھا جب ننگیالیہ خروٹےنے آئرلینڈ کے کپتان پال سٹرلنگ کو بولڈ کر دیا۔ اس کے بعد راشد خان نے لگاتار دو گیندوں پر دو وکٹیں حاصل کیں، جس نے کھیل کو مزید افغانستان کے حق میں کردیا ۔ بعد ازاں محمد نبی نے بھی کرٹس کیمفر کو آؤٹ کیا اور آخر میں، خروٹے نے آئرلینڈ کے ٹیسٹ کپتان اینڈریو بالبرنی کی اہم وکٹ حاصل کی جنہوں نے 45 رنز بنائے تھے۔ اس سے افغانستان کو میچ جیتنے اور آئرلینڈ کے خلاف سیریز برابر کرنے میں مدد ملی۔
تین ٹی ٹوئینٹی میچز کی سیریز کے فاتح کا فیصلہ آج سیریز کے آخری اور تیسرے میچ میں ہوگا ۔ آئرلینڈ اور افغانستان کے درمیان فیصلہ کن میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے شارجہ میں کھیلا جائے گا .