
نیند آنے کے سبب لاہور اسلام آباد موٹروے پر حادثہ، 5 افراد جانبحق
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) موٹروے پولیس کے مطابق منگل کو لاہور اسلام آباد موٹر وے پر فیض پور انٹر چینج پر 1 بس اور ویگن کے ٹکرانے سے 5 افراد جانبحق ہوگئے۔
موٹروے پولیس کے مطابق منگل کو لاہور اسلام آباد موٹر وے (ایم ٹو) پر لاہور کے قریب فیض پور انٹر چینج پر اسلام آباد سے آنے والی 1 بس نے مانسہرہ سے لاہور جانے والی ہائی ایس ویگن کو پیچھے سے ٹکر ما ری، جس کے نتیجے میں 5 افراد جانبحق ہو گئے۔
موٹر وے پولیس کے ترجمان سید عمران احمد نے بتایا کہ اس حادثے میں ویگن بری طرح تباہ ہوگئی، جس کے نتیجے میں 3 مسافر موقعے پر جبکہ 2 ہسپتال جا کر دم توڑ گئے اور 6 افراد زخمی ہوئے، جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جان سے جانے والے مسافروں کی شناخت کی جا رہی ہے، تاکہ انہیں ان کے ورثا تک پہنچایا جا سکے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ کہا جا رہا ہے کہ بس ڈرائیور کو نیند آگئی تھی، جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔