عدلیہ کیخلاف مہم کی اجازت نہیں دی جاسکتی، نگران وزیر اطلاعات

0
49

عدلیہ کیخلاف مہم کی اجازت نہیں دی جاسکتی، نگران وزیر اطلاعات

نگران وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 13 جنوری کو سپریم کورٹ نے ایک کیس میں فیصلہ دیا جو متفقہ تھا ،عدالتوں کے فیصلے عوام کی ملکیت ہوتے ہیں جن پر تنقید کی جا سکتی ہے .فیصلے کے بعد ملک میں اور بیرون ملک میں عدلیہ کے خلاف مہم چلائی گئی .

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ عدلیہ کے خلاف مہم اندرون ملک سے بھی ہوئی ہے اور بیرون ملک سے بھی کی گئی، عدلیہ کے خلاف مہم میں تمام لوگ آپس میں رابطے میں بھی ہیں.

انہوں نے بتایا کہ عدم برداشت اور جھوٹ کے کلچر کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے، عدلیہ مخالف مہم چلانے والوں کے خلاف آئین و قانون کے مطابق کارروائی کر رہے ہیں۔

مرتضٰی سولنگی کا کہنا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 19 میں آزادی اظہار رائے کے بارے میں تفصیل سے لکھا ہوا ہے۔

نگران وزیر اطلاعات نے کہا کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) ، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی(پی ٹی اے) اور متعلقہ ادارے اکاؤنٹس کی مانیٹرنگ کررہے ہیں، کئی سو اکاؤنٹس مانیٹر کئے گئے ہیں اور ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ وضاحت سے کہہ رہا ہوں کہ ملک آئین کے تحت چل رہا ہے، آئین کے تحت ہی نگران حکومت قائم ہوئی، اور اسی طرح نئی قانونی اور آئینی حکومت وجود میں آئے گی۔