باجوڑ: پولیو ٹیم کی سیکیورٹی کے لیے جانے والی پولیس گاڑی کے قریب دھماکا، 5 اہلکار جاں بحق، 14 زخمی
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) باجوڑ میں بیلوٹ فرش تحصیل ماموند میں پولیو ٹیم کی سیکیورٹی کے لیے جانے والی پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوگیا جس کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکار شہید جبکہ 14 افراد زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے بتایا کہ تحصیل ماموند میں پولیس اہلکار پولیو ٹیم کی سیکیورٹی کے لیے جا رہے تھے کہ دھماکا ہوگیا۔
لاشوں اور زخمیوں کو خار ہسپتال منتقل کرکے ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔
پولیس کے مطابق پولیس اہلکار انسداد پولیو مہم کی سیکیورٹی کیلئے جا رہے تھے، دھماکا پولیس کے ٹرک کے قریب ہوا ہے۔ دھماکے سے پولیس کا ٹرک مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔
فوری طور پر دھماکے کی نوعیت کا اندازہ نہیں ہو سکا ہے اور نہ ہی کسی دہشت گروہ نے اس کی ذمے داری قبول کی ہے۔