زراعت نچلی سطح پر سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے بہت اہمیت رکھتی ہے،نگران وزیراعظم
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑنےزراعت کو نچلی سطح پر سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے اہم قرار دیتے ہوئے ایس آ ئی ایف سی کی چھتری تلے مختلف سنگ میل حاصل کرنے پر وزارتوں اور محکموں کے باہمی تعاون کو سراہا ہے اور مختلف اقدامات کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق قومی کسان کنونشن جناح کنونشن سنٹر اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیراس موقع پر مہمان اعزازی تھے۔تقریب میں وفاقی وزراء، زرعی ماہرین اور اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔
نگراں وزیراعظم نے ایس آئی ایف سی کی چھتری تلے مختلف سنگ میل حاصل کرنے پر وزارتوں اور محکموں کے باہمی تعاون کو سراہا اور مختلف اقدامات کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ زراعت نچلی سطح پر سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے بہت اہمیت رکھتی ہے۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرنے خطاب کرتے ہوئے زور دیاکہ کسان ہمارے زرعی شعبے کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ یہ آپ کی انتھک محنت،لگن اور عزم ہے جو لاکھوں پاکستانیوں کے لیے غذائی تحفظ کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
پوری قوم اور ہم آپ پر فخر کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اور پانی کی کمی ایسی حقیقتیں ہیں جو پاکستان کےغذائی تحفظ کے لیے چیلنج ہیں،ٹیکنالوجی کے استعمال اورحکومت و عوام میں قریبی تعاون کی ضرورت ہے جیسا کہ ایس آئی ایف سی کے تحت کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بے پناہ صلاحیتوں اور وسائل سے مالا مال ہے۔ ہم مل کر اللہ کے فضل سے اس مشکل وقت سے نکل جائیں گے اور ہر شعبے میں اپنے اہداف حاصل کریں گے،ایس آئی ایف سی کے تمام اقدامات سے پاکستان کو معاشی بحران سے نکلنے میں مدد ملے گی۔ ہم متحداور پرعزم قوم کے طور پر پاکستان کو ایک ترقی پسند اور خوشحال مستقبل کی طرف لے جائیں گے۔