
اعلامیہ: ٹرمپ اور شہباز شریف کی ملاقات میں علاقائی سلامتی اور سیکیورٹی تعاون پر اتفاق
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے وائٹ ہاؤس میں وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان تفصیلی ملاقات ہوئی۔ ایک گھنٹہ 20 منٹ جاری رہنے والی اس بیٹھک میں دونوں ملکوں کی اعلیٰ قیادت شریک ہوئی۔
امریکی دارالحکومت میں صدر ٹرمپ نے وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کا پرجوش خیرمقدم کیا۔ اوول آفس میں ہونے والی اس ملاقات میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور وزیر خارجہ مارکو روبیو بھی موجود تھے۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق گفتگو میں علاقائی سلامتی،انسدادِ دہشت گردی اور انٹیلی جنس تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سیکیورٹی اور انٹیلی جنس کے شعبوں میں تعاون کی ضرورت پر زور دیا اور پاک امریکا تجارتی معاہدے پر صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں دورہ پاکستان کی دعوت دی۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے امریکی کمپنیوں کو زراعت، آئی ٹی، معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی پیشکش کی اور امید ظاہر کی کہ ٹرمپ کی قیادت میں تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کی جرات مندانہ اور فیصلہ کن قیادت کو سراہا اور کہا کہ امریکی صدر غزہ سمیت دنیا بھر میں تنازعات کے خاتمے کی مخلصانہ کوششیں کررہے ہیں۔ شہباز شریف نے باور کرایا کہ صدر ٹرمپ کی وجہ سے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی ممکن ہوئی جس نے خطے کو بڑے سانحے سے بچایا۔
وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کے اعتراف پر صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا اور مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے مسلم قیادت سے ان کی مشاورت کو بھی سراہا۔